عائشہ خان کی وفات، شوبز شخصیات اور عوام نے سوالات اٹھادیے

0

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے سنہری دور کی معروف اداکارہ عائشہ خان 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

ان کی لاش کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع فلیٹ سے ایک ہفتے بعد اس وقت برآمد ہوئی جب بدبو کے باعث ہمسایوں نے پولیس اور ان کے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔

ان کی اس افسوسناک وفات اور تنہائی کے عالم میں دنیا سے رخصت ہونے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حسی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

عائشہ خان نے اپنے فنی سفر کا آغاز پی ٹی وی کے کلاسک ڈراموں سے کی، ’عروسہ‘، ’افشاں‘، ’فیملی فرنٹ‘ اور ’مہندی‘ جیسے شہرۂ آفاق ڈراموں میں ان کی پرفارمنس آج بھی مداحوں کو یاد ہے۔

ان کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا تھا جنہوں نے پاکستانی ٹی وی کو پہچان دی، تاہم ان کے آخری ایّام بے حد تنہا اور دردناک گزرے۔

اطلاعات کے مطابق عائشہ خان کراچی کے ایک فلیٹ میں تنہا مقیم تھیں اور لاش برآمد ہونے سے تقریباً ایک ہفتے قبل ہی انتقال کر چکی تھیں، جب فلیٹ سے بدبو آنے لگی تو پڑوسیوں نے ان کے اہلخانہ سے رابطہ کیا اور پولیس کو بھی اطلاع دی۔

پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو کر لاش برآمد کی، ابتدائی تفتیش کے مطابق، ان کی موت کو ایک ہفتہ گزر چکا تھا، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اداکارہ عائشہ خان کی اس افسوسناک وفات پر شوبز شخصیات اور عوام بھی سوشل میڈیا پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کئی سوالات اٹھا رہے ہیں۔

اداکارہ مشی خان نے ’انسٹاگرام‘ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ وہ دل گرفتہ ہیں کہ ان کی کو اسٹار ایک ہفتے تک مردہ حالت میں فلیٹ میں پڑی رہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عائشہ خان کی بیٹی، سابق ماڈل عالیہ بی بی، اور ان کے بیٹے کہاں تھے؟ کیا کسی نے ان کا حال چال جاننے کی کوشش نہیں کی؟

Leave A Reply

Your email address will not be published.