وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا ہے، جبکہ صوبے میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف پورے کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ اسکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم ہی کاشت کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی سیاست میں گنڈا پور کی واپسی، مذاکراتی عمل میں صوبے کا نمائندہ نامزد کرنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران کیلے، سیب اور کھجور کی کنٹرول نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے میں کولڈ اسٹوریج کی گنجائش اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پھلوں کا مناسب ذخیرہ یقینی بنائے گا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ’’ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ‘‘ منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈی ہائیڈریشن منصوبے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے پنجاب کے پہلے منڈی مارٹ منصوبے پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں منڈی مارٹس قائم کرنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا، تاکہ سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے کھلے دودھ کی فروخت کو ریگولیٹ کرنے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
حکومت کے ان اقدامات کا مقصد اشیائے خورونوش کی دستیابی یقینی بنانا، قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور غذائی اجناس کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔



