پشاور: سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی سیاست میں واپسی کا امکان ہے، جبکہ انہیں مرکزی مذاکراتی عمل میں صوبے کا نمائندہ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق، پارلیمانی پارٹی کے اکثریتی اراکین کی رائے سے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو مرکزی مذاکراتی عمل میں صوبے کا نمائندہ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جبکہ جنید اکبر پارٹی کے صوبائی صدر ہیں۔ گزشتہ اجلاس میں ان دونوں عہدوں پر تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی تھی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے جلد ہی ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کا اشارہ دے دیا
پارلیمانی پارٹی نے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے بیان اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کی ٹوئٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اعلامیے میں سلمان اکرم راجہ سے اپنا بیان واپس لینے اور اس پر معذرت کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں 11 اکتوبر کو صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی انتقام سے تعبیر کیا گیا ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اور دیگر پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریوں اور اغوا کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں عالمی برادری سے زیر حراست افراد اور مبینہ طور پر اغوا کیے گئے رہنماؤں کی بازیابی کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ عدالتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ فوری قانونی کارروائی کے ذریعے ان کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔
پارلیمانی پارٹی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ اور دیگر گرفتار پارٹی رہنماؤں کی رہائی کے لیے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مؤثر احتجاجی لائحۂ عمل مرتب کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، قبائلی اور بعض بندوبستی اضلاع میں قائم کیے جانے والے نئے انتظامی ڈھانچے کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی نے ایریا ریپریزنٹیٹو ڈویلپمنٹ کونسلز کے ذریعے غیر منتخب نمائندوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی بھی مخالفت کی ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے نئے انتظامی نظام کے خلاف دیگر سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین کو ساتھ ملا کر تحریک چلانے پر اتفاق کیا ہے۔ اعلامیے میں صوبے کے آئینی و جمہوری حقوق، منتخب قیادت کی بازیابی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔



