کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے پاکستان میں کراچی ملک کا دارالخلافہ تھا اور وہ اور ان کے اجداد قائد کے پاکستان میں آئے تھے، لیکن کسی نے انہیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیل دیا۔
صحت کارڈ پلس پروگرام میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا نوٹس، تحقیقات شروع
نارتھ ناظم آباد ریزیڈنٹس کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ ایم کیو ایم کا اپنے قیام سے بھی پہلے کا ہے۔ پاکستان ان کے اجداد کی کوششوں سے بنا تھا اور قائداعظم کے پاکستان میں کراچی ملک کا دارالخلافہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے اجداد قائد کے پاکستان میں آئے تھے، لیکن کسی نے انہیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا معاملہ بھٹو کے پاکستان سے شروع ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1970 کی دہائی تک کراچی سندھ کا حصہ نہیں تھا اور پانچ ہزار سال کی تاریخ کا ملک کے موجودہ معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جب بھی سندھ کی بات ہوتی ہے تو لوگ پانچ ہزار سال کی تاریخ لے کر آ جاتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انہوں نے اس ملک کو وہاں بنایا جہاں وہ خود نہیں رہتے تھے اور اس کے لیے لاکھوں قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دارالخلافہ تبدیل کیا گیا تو ملک میں ون یونٹ نافذ تھا، جبکہ صوبوں کی بحالی کے وقت کوئی ریفرنڈم نہیں ہوا تھا اور نہ ہی ووٹنگ کرائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو اس کے شہریوں سے پوچھے بغیر سندھ کا حصہ بنایا گیا تھا۔



