پنجاب ٹریفک پولیس نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈی شاہ پور کانجراں کیلئے پیشگی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو ٹریفک دباؤ اور رش سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ذرائع کا کہناہے کہ اس حوالے سے لاہور ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس افسران کے درمیان اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں بڑھتے ہوئے ٹریفک لوڈ سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شاہ پور کانجراں مویشی منڈی اور ٹھوکر نیاز بیگ کے اطراف ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کی صورت میں ملتان سے لاہور آنے والی گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ ملتان روڈ سے آنے والی ٹریفک کو این ایف سی انٹرچینج سے رنگ روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔سی ٹی او کے مطابق رائیونڈ روڈ جانے والے شہری اڈا پلاٹ انٹرچینج استعمال کریں گے، جبکہ واپڈا ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو لیک سٹی پائن ایونیو روڈ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح فیروزپور روڈ، وحدت روڈ، گجومتہ، ڈیفنس اور کینٹ جانے والی ٹریفک کیلئے عبداللہ گل انٹرچینج استعمال کیا جائے گا۔
ٹریفک پلان کے تحت شاہ پور کانجراں میں رش بڑھنے پر بابو صابو سے آنے والی ٹریفک کو قزلباش چوک کی طرف موڑا جائے گا، جبکہ قزلباش چوک سے گاڑیوں کو خیابان چوک، جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال کے راستے ملتان روڈ کی جانب روانہ کیا جائے گا۔