پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے جلسے جلوس کرنے کا اعلان کر دیا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، سردار لطیف کھوسہ، عمر ڈار اور حقوق خلق پارٹی کے عمار جان نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
عمران خان سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، عدالتیں فیصلے سنائیں گی: رانا ثنا اللہ
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام ادارے برباد ہو چکے ہیں۔ دنیا میں کہیں نہیں سنا کہ کسی پارٹی کا انتخابی نشان لے لیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔ یہاں آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں پاکستان میں منتخب پارلیمنٹ ہو، طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہو، فیصلے منتخب پارلیمنٹ کرے۔ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ہم لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں ہیں۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان بڑے آدمی ہوں گے لیکن سب سے بڑا پاکستان ہے۔ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ گلی گلی جائیں گے۔ ہم اداروں سے کہتے ہیں کہ سیاست آپ کا کام نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ ایسی ہر کوشش کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مزاحمت کرے گی۔ آپ کون ہوتے ہیں مائنس کرنے والے۔ ہم جلسے کریں گے، جلوس نکالیں گے، ہم پرامن رہیں گے اور اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو یاد رکھیں کہ فوج اور عوام کی لڑائی میں عوام جیت جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وارننگ دے رہے ہیں کہ ہمارا راستہ نہ روکا جائے۔ ہم خانہ جنگی نہیں کریں گے۔ ہمیں جدوجہد نہ کرنے دی گئی تو پھر ہم کہیں گے کہ جیلیں کھول دی جائیں، آپ کی جیلیں بھر جائیں گی، آپ کو جیلوں میں جگہ نہیں ملے گی۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سیاست کا واحد محور یہ ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم آخری دم تک عمران خان کے ساتھ وفا نبھائیں گے کیونکہ آج عمران خان کے ساتھ پاکستانی قوم کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پاکستانی قوم کو جھٹلایا جا سکتا ہے، اس ملک میں حرمت کو دھتکارا جا سکتا ہے یا آواز کو دبایا جا سکتا ہے تو وہ بے وقوف ہے۔ ایسا نہیں ہوگا۔ تاریخ گواہ ہے کہ عوام کے ریلے کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور یہ ریلا عمران خان کو آزاد کرائے گا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج عمران خان کی رہائی اور ان کی صحت سے بڑھ کر ہمارے لیے کچھ اہم نہیں۔ ہم پاکستان کے ہر مزدور اور ہر کسان سے کہتے ہیں کہ تمہارا مستقبل، تمہاری حقیقی آزادی عمران خان کی آزادی سے منسلک ہے۔ ہم نے اکٹھے لڑنا ہے، تمہاری آزادی کے لیے لڑنا ہے اور تمہارے روزگار کے لیے لڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی پر اعتماد اور بھروسہ کیا ہے اور انہیں قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن بنانے کا فیصلہ عمران خان کا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت ہے کہ وہ مشاورت اور رہنمائی محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے لیں گے اور انہی کی رہنمائی میں آگے بڑھیں گے۔ ہم ایک ایسی جماعت ہیں جو تاریخ کا شعور رکھتی ہے، تاریخ کو سمجھتی ہے اور جانتی ہے کہ آج پاکستان کہاں کھڑا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ آج پاکستان کی معیشت کی کیا حالت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کسان رو رہا ہے، مزدور بے روزگار ہے اور بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ آج ایک بے حس حکومت ہے جو عیاشیاں کر رہی ہے، جہاز خرید رہی ہے اور دنیا سے تعریفیں سمیٹ رہی ہے، لیکن مزدور کا چولہا نہیں جل رہا۔ مزدور کو اجرت نہیں ملتی، نوجوان کو روزگار نہیں ملتا، بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں نہیں ملتیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی رہنمائی میں یہ جنگ لڑیں گے اور اس کے لیے ہم موجود ہیں۔ ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم ڈٹے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جلسے جلوس کرنے کا اعلان کیا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ ہم کسانوں کے ساتھ ہیں۔ کسان تنظیموں کے پاس جائیں گے، انہیں ساتھ انگیج کریں گے اور کسانوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے۔ یہ پارٹی عمران خان کی ہے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بانی کی جگہ لے سکتا ہے تو وہ غلط فہمی میں ہے۔ ہماری جدوجہد پرامن ہوگی اور جدوجہد کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔