کے پی میں بزدار طرز کا سہیل آفریدی سوچ سمجھ کر لگایا گیا، طلال چودھری

کے پی میں بزدار طرز کا سہیل آفریدی سوچ سمجھ کر لگایا گیا، طلال چودھری

0

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کو وفاقی حکومت کی جانب سے جدید ترین گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں، جیسی گاڑیاں عام طور پر وزیر داخلہ اور سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران استعمال کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے لیے عالمی معیار کی گاڑیاں دی گئیں، مگر صوبائی حکومت نے انہیں لینے سے انکار کر دیا۔ ان کے مطابق اگر وزیراعلیٰ کو یہ گاڑیاں پسند نہیں تھیں تو وہ اپنی گاڑیاں پولیس کے حوالے کر دیتے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک نابالغ شخص کو وزیراعلیٰ کے عہدے پر بٹھایا گیا ہے اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف کوئی مؤثر اقدام نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے پاکستان کی جنگ ہے اور خیبر پختونخوا حکومت کو اپنے فنڈز سے ایسی گاڑیاں فراہم کرنی چاہئیں تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سہیل آفریدی کو سوچ سمجھ کر بزدار طرز کا وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے۔ گاڑیاں واپس کرنے کا مطلب ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف لڑنے میں سنجیدہ نہیں۔ طلال چوہدری کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وفاق نے مالی مشکلات کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس کے لیے جدید گاڑیاں فراہم کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پولیس اہلکار کسی آلات کے بغیر دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے یہ گاڑیاں واپس کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صحت اور نہ ہی امن و امان کے حوالے سے کوئی واضح ایجنڈا دے سکے ہیں۔
اگرحکومت نے 4500 روپے فی من ریٹ نہ دیا توکسان گندم کاشت نہیں کریں گے: کسان اتحاد پاکستان

طلال چوہدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو 600 ارب روپے کے اضافی فنڈز دیے گئے، جو پنجاب کو بھی نہیں ملے۔ ان کے بقول، “پاکستان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جیسی کم عقل قیادت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔”

انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبر پختونخوا اب تک محفوظ صوبہ کیوں نہیں بن سکا؟ نالائقی اور نااہلی صوبے کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں 50 فیصد مریض خیبر پختونخوا سے آتے ہیں کیونکہ وہاں کوئی معیاری اسپتال موجود نہیں۔

وزیر مملکت نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے اہلکاروں سے 69 قیمتی گھڑیاں برآمد ہوئیں، جن کی تعداد توشہ خانہ کی گھڑیوں سے بھی زیادہ ہے۔ ان کے مطابق 100 بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں، جنہیں جلد عوام کے سامنے لایا جائے گا۔

انہوں نے مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جماعت نے غزہ کے نام پر ملک میں فساد پھیلانے کی کوشش کی۔ ان کے بقول، “پاکستان ایسی انتہا پسند سرگرمیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔”

طلال چوہدری نے کہا کہ ٹی ایل پی کے کارکن پولیس پر حملے کرتے رہے، جبکہ نواز شریف کے دور میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے سے متعلق سفارش وفاق کو بھیج دی ہے اور حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پیچھے تمام ریاستی ادارے متحد ہیں۔ غزہ کے نام پر مارچ کرنے والوں کے مطالبات فلسطین سے متعلق نہیں بلکہ محض سیاسی تھے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ “جنہوں نے کفن باندھنے کا اعلان کیا تھا، وہ آج خود لاپتہ ہیں، اور جنہیں انہوں نے سڑکوں پر چھوڑا، ان کے لواحقین آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔ پاکستان ایسی منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.