کوئٹہ سے چمن ٹرین سروس چھٹے روز بھی معطل

کوئٹہ سے چمن ٹرین سروس چھٹے روز بھی معطل

0

کوئٹہ: کوئٹہ سے چمن کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرین سروس مسلسل چھٹے روز بھی معطل ہے، جبکہ دیگر ٹرینیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سروس کی معطلی بارڈر کی موجودہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے باعث کی گئی ہے۔ تاہم، کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی کے لیے روانہ ہونے والی بولان میل اپنی معمول کی آمد و رفت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بھارت میں دیوالی کا تہوار، پاکستان کے مشرقی شہروں کی فضا آلودہ ہونے لگی

ادھر لاہور ریلوے اسٹیشن سے کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر شہروں کی طرف جانے والی زیادہ تر ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہو رہی ہیں۔ قراقرم ایکسپریس سہ پہر 3 بجے، کراچی ایکسپریس شام 6 بجے اور گرین لائن رات 8:50 پر روانہ ہوگی۔

ریلوے ذرائع کے مطابق پاک بزنس ایکسپریس کو 3 گھنٹے تاخیر کا سامنا ہے اور اب یہ شام 7:30 بجے روانہ ہوگی۔ شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو آج گرین لائن میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ روانگی سے ایک گھنٹہ قبل اسٹیشن پر پہنچ جائیں تاکہ انہیں نشستوں کی فراہمی میں سہولت دی جا سکے۔

کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس لاہور اور ساہیوال کے راستے کراچی جائیں گی، جب کہ کراچی سے آنے والی انہی ٹرینوں کی واپسی بھی انہی راستوں سے ہوگی۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر مسافروں کی سہولت کے لیے اسٹیشن پر فیسیلیٹیشن عملہ تعینات ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی معلومات یا رہنمائی کے لیے انکوائری نمبرز 117-042 اور 99070011-042 پر رابطہ کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.