بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں موجود بھارتی تکنیکی ٹیم کو باضابطہ طور پر بھارتی سفارت خانے میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت جلد ہی کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو سفارتخانے کی سطح تک وسعت دے گا۔
یاد رہے کہ افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پہلی بار بھارت کے دورے پر نئی دہلی میں موجود ہیں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ امیر متقی کا یہ دورہ اقوامِ متحدہ کی خصوصی اجازت سے ممکن ہوا ہے اور اسے بھارت اور طالبان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور طالبان کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں، اور ماہرین کے مطابق بھارت اس موقع کو افغانستان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔