تربت: بلوچستان کے ضلع تربت کے نواحی علاقے ڈنک میں نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر کے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ حملہ آوروں نے خاص طور پر گاڑیوں کے ٹائروں کو نشانہ بنایا، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مستونگ میں بھی ایک پرتشدد کارروائی میں تحصیل دفتر، بینکوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں مسلح افراد نے گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔ اس افسوسناک واقعے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے تھے، جبکہ جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک کر دیے گئے تھے۔
بلوچستان میں حالیہ ہفتوں کے دوران پرتشدد واقعات میں اضافہ سیکیورٹی خدشات کو جنم دے رہا ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز نے اہم مقامات پر نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔