کراچی: اسپیشل جج صوباٸی اینٹی کرپشن نے نسلہ ٹاور کو اضافی زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے مقدمے میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا سمیت 2 ملزمان کی ضمانت منسوخ کردی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کورٹ نے منظور قادر اور خیر محمد کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی ، ضمانت منسوخ ہونے پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
نسلہ ٹاور کیس کے تفتیشی افسر زاہد میرانی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ منظور قادر کاکا نے نسلہ ٹاور کی غیر قانونی منظوری دی تھی، سپریم کورٹ کے حکم پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے کہا کہ 26 جولائی کو عدالت نے منظور قادر کی 5 لاکھ روپے کی عبوری ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے آج ان کی ضمانت منسوخ کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ضمانت منسوخی کے بعد اینٹی کرپشن کی جانب سے منظور کاکا اور خیر محمد ڈاہری کو گرفتار کیا گیا ہے ۔