ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں تین اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق پنیالہ کے علاقے میں ڈگری کالج کے قریب دہشتگردوں نے سڑک پر آئی ای ڈی نصب کر رکھی تھی، اور پولیس موبائل کے پہنچنے پر آئی ای ڈی دھماکے سے پھٹ گیا۔
پنجاب میں بورڈ امتحانات ماہ رمضان کے بعد لینے کا فیصلہ
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کے بعد دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت تین پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ پولیس کے مطابق حملے کے فوراً بعد دہشتگرد موقع سے فرار ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے تینوں اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔