بھارتی گلوکارہ اور اداکارہ سلکشنا پنڈت طویل علالت کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے بھائی اور معروف موسیقار للت پنڈت کے مطابق وہ ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں شام 8 بجے دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔ ان کی آخری رسومات 7 نومبر کی دوپہر ادا کی جائیں گی۔
این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی کی تجویز مسترد کرتے ہیں، بلاول بھٹو
سلکشنا کا تعلق بھارت کے معروف میواتی گھرانے سے تھا، جو موسیقی کے لیے مشہور ہے۔ وہ کلاسیکی گلوکار پنڈت جسراج کی بھتیجی تھیں، جبکہ ان کے بھائی جتن اور للت پنڈت فلمی دنیا میں مقبول موسیقار جوڑی کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
1970 اور 1980 کی دہائی میں سلکشنا پنڈت نے محمد رفیع، کشور کمار اور مکیش جیسے مشہور گلوکاروں کے ساتھ متعدد مقبول گیت گائے جو آج بھی بھارتی فلمی موسیقی کے کلاسک گیتوں میں شمار ہوتے ہیں۔
انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور الجھن، خاندان، اپناپن اور وقت کی دیوار جیسی کامیاب فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
سلکشنا کی ذاتی زندگی آزمائشوں سے بھری رہی۔ سنجیو کمار سے ان کی یکطرفہ محبت، طویل تنہائی، صحت کے مسائل اور مالی مشکلات نے ان کی زندگی کو متاثر کیا۔ باوجود اس کے، وہ بھارتی فلمی صنعت میں ایک باوقار مقام رکھنے والی فنکارہ کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔