نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکہ کے ساتھ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق، امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں، جن میں نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقاتیں شامل ہیں، سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے اس موقع پر نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کے توانائی، اہم معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔