ایران نے کہا ہے کہ وہ سفارتکاری کا راستہ کھلا رکھنے کے لیے تیار ہے، تاہم امریکا کو اپنا دھمکی آمیز لہجہ تبدیل کرنا ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران سفارتکاری کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے آمادہ ہے، لیکن اس کے لیے ضروری
ہے کہ امریکا اپنے رویے میں نرمی لائے اور دھمکی آمیز انداز ترک کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب، قطر، ترکیے، مصر، عراق اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں انہیں امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایران کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران سفارتکاری کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتا، لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ امریکا اپنے توسیع پسندانہ اور دھمکی آمیز رویے میں تبدیلی لائے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات میں پاکستان کو باضابطہ ثالث کی حیثیت حاصل ہے، اور اگر مذاکرات کے انعقاد کا کوئی فیصلہ کیا گیا تو اس سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔