عیدالاضحیٰ پر صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت کے اتحاد، قربانی اور قومی یکجہتی کے پیغامات
عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کی قیادت نے قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات اور خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ صبر، وفا اور ایثار کے عظیم جذبے کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وحدت کو مقدم رکھتے ہوئے نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کمزور طبقات کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور انہیں خوشیوں میں شریک کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ سنتِ ابراہیمی اور اطاعتِ خداوندی کا عملی درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ مقاصد کے لیے قربانی دینا ایمان کی اصل روح ہے۔ وزیرِ اعظم نے دہشتگردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر غریب اور مستحق افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے بھی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ملک میں امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے دعاگو ہیں اور ملکی خودمختاری و سلامتی کے دفاع کے عزم پر قائم ہیں۔
عسکری قیادت نے شہدائے پاکستان اور ان کے اہلِ خانہ کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں وطن کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔