وزیراعظم شہباز شریف سعودیہ کا دورہ مکمل کرکے قطر پہنچ گئے، امیر قطر سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد قطر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم اور امیرِ قطر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، بالخصوص خلیج میں کشیدگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ وزیراعظم نے قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
سیکرٹری حکومت آزادکشمیر چودھری امتیاز احمد باعزت بری
وزیراعظم پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان قطر اور دیگر ممالک پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف اور امیرِ قطر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سکیورٹی تعاون اور توانائی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے، جہاں وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے ان اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی موجود ہیں۔
دوحہ پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو قطری مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ ان کی آمد کے موقع پر دوحہ ایئرپورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ جیسے ہی وزیراعظم کا طیارہ قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوا، قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اسے حفاظتی حصار میں لے لیا۔
قطری فضائیہ کے طیارے وزیراعظم کے جہاز کو حفاظتی انداز میں ایئرپورٹ تک لے کر آئے، جس پر وزیراعظم نے قطری قیادت اور پائلٹس کی جانب سے پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔