پاکستان کی بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد بیان کی مذمت، اشتعال انگیز بیان مسترد کردیا
پاکستان کی بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد بیان کی مذمت، اشتعال انگیز بیان مسترد کردیا
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے پاکستانی افواج سے متعلق بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، خصوصاً مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں جو ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
ایک تنخواہ اضافی ، ملازمین کیلئےبڑی خوشخبری
انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ مؤثر جواب دیا، اور کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو بدل نہیں سکتا۔ ان کے مطابق بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں محض مذموم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات کا مقصد بھارت کے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے توجہ ہٹانا اور پاکستان میں دہشتگردی سے جڑے بھارتی کردار سے نظریں چرانا ہے۔ ان کے مطابق یہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت کو خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کی کوئی حقیقی فکر نہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستان کی افواج پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنے ملک میں فاشسٹ اور انتہاپسند ہندوتوا نظریے کے نتائج کا جائزہ لینا چاہیے، جس کے باعث بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل، ماورائے عدالت کارروائیاں اور عبادت گاہوں و املاک کی مسماری جیسے واقعات سامنے آئے ہیں۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت میں مذہب کے نام پر پھیلنے والی انتہاپسندی نے معاشرے کو یرغمال بنا رکھا ہے، جبکہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد اور پرعزم ہے۔