لیاری: 5منزلہ عمارت کے ملبے سے 3 ماہ کی بچی معجزانہ طور پر زندہ نکال لی گئی
کراچی کے علاقے لیاری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں گرنے والی رہائشی عمارت سے ایک تین ماہ کی بچی معجزانہ طور پر زندہ نکال لی گئی۔ بچی کو صرف معمولی خراشیں آئیں، جس پر ریسکیو اہلکاروں اور اہلِ علاقہ نے حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔
واقعے کی تفصیلات کے مطابق، زمین بوس ہونے والی عمارت کے ملبے سے اب تک 27 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں سے 20 افراد کا تعلق ایک ہی ہندو خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ خاندان آپس میں قریبی رشتہ دار بھی تھے۔
ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں نے مسلسل کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد متاثرین کو ملبے سے نکالا۔ حکام کے مطابق بچ جانے والی تین ماہ کی بچی کی جان بچ جانا ایک ناقابل یقین واقعہ ہے، جو اس بات کی عملی مثال ہے کہ "جسے اللہ رکھے، اُسے کون چکھے”۔