نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلیے اہم پیغام جاری کر دیا تاکہ وہ غیر دانستہ طور پر اپنی شناختی دستاویزات کسی غیر مجاز فرد یا ادارے کو فراہم نہ کریں۔
نادرا کی جانب سے جاری پیغام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کہا گیا کہ شناختی دستاویزات کی پراسیسنگ یا آن لائن درخواستوں کیلیے نادرا کے کوئی منظورشدہ کنسلٹنٹ، ایجنٹ یا ڈیلر نہیں ہیں۔
پیغام میں کہا گیا کہ تمام خدمات بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں قائم نادرا رجسٹریشن سنٹرز اور کاؤنٹرز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں جن کی فہرست اتھارٹی کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے جس کا لنک یہ ہے:
https://www.nadra.gov.pk/nadraStatistics
مزید کہا گیا کہ نادرا کی آن لائن خدمات صرف پاک آئی ڈی موبائل ایپ اور gov.pk پر ختم ہونے والی نادرا کی آفیشل ویب سائٹس کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے التماس ہے کہ اپنی ذاتی معلومات نادرا سے وابستگی کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے کسی غیر مجاز فرد یا ادارے کو فراہم نہ کریں۔