Gas Leakage Web ad 1

لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے، وہاں جنگ بندی مذاکراتی عمل کا حصہ ہے: پاکستان

0

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لبنان جنگ بندی مذاکراتی عمل کا حصہ ہے اور اسے اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، اس لیے لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ اور قیامِ امن نہایت ضروری ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل کا تسلسل برقرار رہا، تاہم کوئی بڑا بریک تھرو سامنے نہیں آیا اور نہ ہی مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے، یوں صورتحال “نہ بریک تھرو نہ بریک ڈاؤن” رہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وفود کے درمیان 21 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے جو انتہائی سنجیدہ اور جامع تھے، جبکہ مجموعی طور پر یہ عمل 24 گھنٹوں سے بھی زائد وقت تک جاری رہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے ملاقات

ترجمان نے مذاکرات میں شریک فریقین کی سنجیدگی، عزم اور مثبت رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ 21 گھنٹے تک مسلسل بات چیت اور پیچیدہ امور پر غور کرنا غیر معمولی عزم کی مثال ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ سفارتی رابطوں کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ متعلقہ فریقین کے درمیان اعتماد اور رازداری کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے پاس دونوں فریقین سے متعلق کوئی معلومات تھیں تو وہ امانت تھیں، اور ان کا افشا کرنا امانت میں خیانت کے مترادف ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن عمل میں ثالث اور سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا، اور مذاکرات سمیت تمام سفارتی کوششیں ایک مسلسل عمل کا حصہ ہیں۔ تہران میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں اور وفود کے دورے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں، جبکہ پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ترجمان نے کہا کہ امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، اور اسی سلسلے میں اپنے اتحادیوں اور دوست ممالک کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن عمل کی حمایت کرنے والے تمام ممالک کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور بین الاقوامی شراکت داروں سے مسلسل رابطے اور مشاورت جاری ہے، جبکہ روس سمیت عالمی طاقتوں کی حمایت کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کی تاریخوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ آئندہ مذاکرات کے شیڈول کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، اسی لیے پاکستان نے یو اے ای پر حملوں کی کھلے الفاظ میں مذمت کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ لبنان جنگ بندی مذاکراتی عمل کا حصہ ہے اور اسے اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جبکہ گزشتہ دو دنوں میں اسرائیل اور لبنان کے محاذ پر بہتری کے آثار حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ اور قیامِ امن ضروری ہے کیونکہ جنگ بندی سے خطے میں استحکام آئے گا اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔

ترجمان کے مطابق لبنان میں کشیدگی میں کمی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے، جبکہ جوہری معاملہ بھی زیر بحث آنے والے اہم موضوعات میں شامل ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.