sui northern 1

دلیر سپہ سالار کی موجودگی میں دہشتگرد کچھ نہیں کرسکتے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

دلیر سپہ سالار کی موجودگی میں دہشتگرد کچھ نہیں کرسکتے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

0
Social Wallet protection 2

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دلیر سپہ سالار اور منظم فوج کی موجودگی میں دہشت گرد کچھ نہیں کر سکتے، اور ریاست نے واپس آنے والوں کے لیے معافی کا دروازہ کھلا رکھا ہے۔

sui northern 2

اسلام آباد میں رکن قومی اسمبلی جمال رئیسانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ بگٹی میں تقریباً 100 دہشت گردوں نے حکومت پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں، جسے انہوں نے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد اس سے قبل بھی پہاڑوں کا رخ کر چکے تھے اور اب واپس آ کر قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں، جس پر حکومت نے انہیں قبول کیا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات میں بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار، افسران اور عام شہری شہید ہوئے ہیں، اور اس صورتحال میں پوری قوم کا افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ہزاروں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے ہیں جن میں سینکڑوں دہشت گرد مارے گئے۔

ضلع خیبر میں خواتین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تاریخی پیشرفت

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان سے آ کر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں اور مذہب کا نام استعمال کر کے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے، لیکن ان کی یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط قیادت اور منظم فوج کی موجودگی میں دہشت گرد اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن نہیں ہو رہا بلکہ صرف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائیں گے ان کے لیے پالیسی واضح ہے، جبکہ جو لوگ واپس آ کر معافی مانگیں گے انہیں معاف کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے محرومی کے نام پر مایوس کیا جا رہا ہے، انہیں لاحاصل جنگ میں دھکیلا گیا، اور اب وقت آ گیا ہے کہ بچوں کو ریاست کے ساتھ جوڑا جائے، جس کا واحد حل بات چیت ہے۔

سرفراز بگٹی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کی مکمل توثیق کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات میں تمام اداروں اور عدلیہ کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.