چیٹ جی پی ٹی کا نیا فیچر جو اسے ہمیشہ کیلئے بدل دے گا
چیٹ جی پی ٹی کا نیا فیچر جو اسے ہمیشہ کیلئے بدل دے گا
چیٹ یا ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر عام طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں دیکھا جاتا ہے، تاہم اب یہ سہولت چیٹ جی پی ٹی میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں گروپ میسجنگ کا نیا فیچر شامل کردیا ہے، جس کے بعد یہ اے آئی چیٹ بوٹ ایک طرح کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں قومی دن کے موقع پر 2 روزہ تعطیلات کا اعلان
اس فیچر کی مدد سے متعدد لوگ ایک ہی چیٹ میں شامل ہوسکیں گے اور اے آئی ان کے درمیان رہنمائی کا کردار ادا کرے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر دفتری ٹیموں، دوستوں اور گھر والوں کو مل کر کام کرنے میں مدد دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر اسے جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا اور تائیوان میں متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر ممالک میں اگلے چند ماہ میں اس کی توسیع متوقع ہے۔
چیٹ جی پی ٹی اپنے آغاز سے اب تک بنیادی طور پر ون آن ون چیٹ کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے، مگر اب اسے رابطے اور مشترکہ کام کے لیے ایک وسیع پلیٹ فارم بنایا جارہا ہے۔ ڈائریکٹ میسجنگ کے اضافے سے صارفین نہ صرف اے آئی سے بات چیت کر سکیں گے بلکہ دوسرے افراد سے بھی اسی جگہ رابطہ کر پائیں گے۔
گروپ میسجنگ میں 20 افراد شامل ہوسکیں گے، اور گروپ میں موجود افراد ایک دوسرے کے ساتھ علیحدہ چیٹس بھی کر سکیں گے جنہیں کوئی اور نہیں دیکھ سکے گا۔ ہر صارف کی پروفائل، یوزر نیم اور پروفائل فوٹو ہوگی، جبکہ میسجز پر ایموجیز کے ذریعے ردِعمل دینے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
گروپ ایڈمن ممبرز کو کنٹرول کرے گا اور تمام صارفین نوٹیفکیشن میوٹ کرنے یا چیٹ کا نام تبدیل کرنے کے اختیارات رکھیں گے۔ یہ فیچر جی پی ٹی 5.1 آٹو اے آئی ماڈل پر کام کرے گا تاکہ مفت اور پریمیم دونوں صارفین کو بہترین کارکردگی مل سکے۔
چیٹ جی پی ٹی کے تمام اہم ٹولز، جیسے ویب سرچ، تصویر بنانا، فائل اپ لوڈ اور شیئرنگ، گروپ چیٹس میں بھی دستیاب ہوں گے۔