پاکستان نے میزبانوں کی درخواست پر افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق استنبول سے وطن واپسی کے لیے تیار پاکستانی وفد اپنا قیام طول دے گا اور مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کا مقصد امن کو ایک اور موقع دینا ہے، تاہم اس دورِ مذاکرات میں پاکستان کا مرکزی مطالبہ پہلے کی طرح واضح رہے گا کہ افغان سرزمین دہشت گرد عناصر کے استعمال کے لیے نہیں بن سکتی۔ پاکستان نے زور دیا ہے کہ افغانستان دہشت گردی کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی کرے تاکہ خطے میں استحکام ممکن بنایا جا سکے۔