چکوال: پنجاب کے ضلع چکوال میں شدید طوفانی بارش اور ڈیموں کے بند ٹوٹنے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 470 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔
طوفانی بارش کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، متعدد رابطہ سڑکیں بہہ گئیں جبکہ پلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ تین بڑے ڈیموں — بکھاری کلاں، پنوال اور مسوال — کے حفاظتی بند ٹوٹنے سے پیدا ہونے والے سیلابی ریلوں نے قریبی آبادیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کئی مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے، جن کے ملبے تلے آ کر کم از کم 4 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، مگر مسلسل بارش اور سڑکوں کی تباہی کے باعث ریسکیو کارروائیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کو ہنگامی قرار دیتے ہوئے صوبائی اور وفاقی اداروں سے فوری مدد طلب کر لی ہے۔ کئی دیہات میں مکین اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سمیت دیگر مواصلاتی نظام بھی مفلوج ہو چکا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر ڈیموں کے حفاظتی بند بروقت مضبوط کیے جاتے تو اس قدر نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔ متاثرین نے حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر خوراک، خیمے، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔