حافظ آباد میں زرد تربوز کی کاشت میں اضافہ، منفرد ذائقہ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا
پاکستان کے ضلع حافظ آباد میں زرد تربوز کی کاشت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور اس کا منفرد ذائقہ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
چاول اور گندم کی پیداوار کے لیے مشہور حافظ آباد میں اب جدید زرعی تحقیق کے تحت زرد تربوز کی کاشت بھی مقبول ہو رہی ہے۔ گرمیوں کے موسم میں شہری روایتی سرخ تربوز کے ساتھ ساتھ زرد تربوز کے منفرد، میٹھے اور رس بھرے ذائقے سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ملک میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 7 فیصد تک جائے گی، گورنر اسٹیٹ بینک
کاشتکاروں کے مطابق اس سیزن میں پہلی بار جدید اور مہنگے بیج کے ذریعے زرد تربوز کی کاشت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا ذائقہ زیادہ میٹھا، خوشبو منفرد اور ساخت روایتی تربوز سے مختلف ہے۔
کاشتکاروں کے مطابق زرد تربوز کی کاشت پر اخراجات عام تربوز کے مقابلے میں زیادہ آئے ہیں، تاہم مارکیٹ میں اس کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے جس سے بہتر منافع کی امید ہے۔
مقامی منڈیوں میں یہ تربوز شہریوں کی خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی بار اس رنگ کا تربوز دیکھا ہے اور اس کا ذائقہ روایتی تربوز سے زیادہ منفرد اور مزیدار محسوس ہوا۔
کاشتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جدید زرعی سہولیات اور مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ اس فصل کی کاشت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق منفرد رنگ، بہتر ذائقہ اور بڑھتی ہوئی طلب کے باعث حافظ آباد کا زرد تربوز مستقبل میں ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے، جو زرعی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔