امریکا کی غلامی قبول نہیں، ایٹمی ملک ہونے کے باوجود ہم خوفزدہ ہیں، فضل الرحمان
نوشہرہ (سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں امریکا کی غلامی قبول نہیں، ایٹمی ملک ہونے کے باوجود ہم خوفزدہ ہیں۔
نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتےہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک مسلمان کا خون بہانا دوسرے مسلمان کیلئے حرام ہے، اس وقت ملک میں کسی کی جان اور مال محفوظ نہیں، پاکستان کا امن تباہ کردیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے، ظلم کےخلاف آواز اٹھانے پر کہتے ہیں ہم پر نتقید نہ کریں، ہم کسی پر تنقید نہیں کررہے، اصلاح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم نے بحیثیت قوم اپنا محاسبہ کیا ہے، 75 سال ہم نے پرانی لکیروں کی پیروی کی، اب ہم تھک چکے ہیں، ہمیں امریکا کی غلامی قبول نہیں، ایٹمی ملک ہونے کے باوجود ہم خوفزدہ ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان بین الاقوامی امن کےلیے اپناکرداراداکرتارہے گا،انوارالحق کاکڑ
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا، ملک میں معاشی بدحالی آچکی، امن تباہ ہوگیا، جے یو آئی ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کررہی ہے، اب ہمیں نئے زاویے سے سوچنا ہوگا۔