پاکستان کپ،داخلے کی اجازت نہ ملنے پر شائقین کرکٹ مایوس
راولپنڈی(نیوزڈیسک)راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان کپ میں شائقین کاداخلہ بندکردیاگیا،شائقین کوداخلے کی اجازت نہ ملنے پر شائقین کرکٹ نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیڈیم کے دروازے عام آدمی کے لئے کھول دیئے جائیں کیونکہ شائقین کے بغیر کرکٹ کھیل کا مزہ ہی نہیں ہے،پاکستان کپ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جس میں ملک کے نامور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، لیکن پورے شہر میں آپ کو اس ٹورنامنٹ کا ایک بھی تشہیری بینر نظر نہیں آئے گا،سٹیڈیم کے گیٹ پر آپ کو بے شمار افراد منتیں کرتے ملیں گے کہ انہیں سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے لیکن شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم کے اندر جانے کی اجازت نہیں، سٹینڈز خالی پڑے ہیں اور کرکٹ ہو رہی ہے یہ کس دور کی کرکٹ ہو رہی ہے؟ خالی میدانوں پر وکٹیں لیں یا سینچریاں بنائیں، کھلاڑیوں کو داد دینے کے لیے صرف کووؤں کی کائیں کائیں سنائی دے گی۔ یہ المیہ ہے، کرکٹ کا مستقبل صرف پی ایس ایل نہیں ہے جس کی ٹکٹیں دو، دو ہزار میں فروخت ہوتی ہیں۔ ایک چھوٹی سے مثال یہ بھی ہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں پاکستان اور کمبوڈیا کی ٹیموں کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا میچ کھیلا گیا جس میں شائقین نے پانچ سو کی ٹکٹ خریدی اور سٹیڈیم بھر دیا۔پاکستان ٹورنامنٹ کے اہم میچز کا راولپنڈی میں منعقد ہونا اور شائقین کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت نہ ملنا اس شہر، کرکٹ اور کرکٹ شائقین کے ساتھ ناانصافی ہے!
مزید پڑھیں: کوہلی نے ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا