کھیل

 انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے دوبارہ ریٹائرمنٹ لے لی۔

لندن:  انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے دوبارہ ریٹائرمنٹ لے لی۔

معین علی 2021 کے سیزن کے اختتام پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے لیکن پھر رواں سال ایشز سیریز سے کچھ دن قبل انگلش سپنر جیک لیچ کی انجری کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ کی جانب سے معین علی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔

ٹیم منیجمنٹ سے رابطے کے بعد معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں شرکت کی۔

تاہم گزشتہ روز انگلینڈ نے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 49 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

اس میچ میں معین علی نے پہلی اننگز میں 34 اور دوسری اننگز میں 29 رنز سکور کیے جبکہ آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں انہوں نے کھیل کے آخری دن 3 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو سیریز برابر کرنے میں مدد کی۔

میچ جیتنے کے بعد برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے معین علی نے کہا کہ اب میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکا ہوں، اگر بین سٹوکس نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے مجھے دوبارہ میسج کیا تو میں اسے ڈیلیٹ کر دوں گا، میں نے واقعی ٹیسٹ کرکٹ سے بہت لطف اٹھایا ہے اور اسے جیت کے ساتھ ختم کرنا اچھا ہے۔

معین علی نے حالیہ ایشز کے 4 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 180 رنز بنائے اور 9 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلش آل راؤنڈر کے ٹیسٹ کرکٹ پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے 68 ٹیسٹ میچز میں 5 سنچریوں کی مدد سے 3094 رنز بنائے اور 204 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button