نیب نے سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دے دیا
لاہور:(ویب رپورٹر/مزمل ملک),تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہورمیں وزیراعظم شہبازشریف کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران نیب نے وزیراعظم شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دے دیا جس کے بعد سلیمان شہباز نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔
سلیمان شہباز اپنے وکیل کے ہمراہ اوروزیراعظم شہبازشریف کے داماد ہارون یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب نے اپنے جواب میں عدالت کو بتایا کہ نئے قانون کے تحت سلیمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری اب نہیں ہیں۔
سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وارنٹ گرفتاری انکوائری اسٹیج پرتھا۔ نئے قانون میں وارنٹ گرفتاری تفتیش کی سطح پر ہی ہوسکتے ہیں۔
نیب کے وکیل نے کہا کہ سلیمان شہباز کی اب گرفتاری مطلوب نہیں ہے، ہم نے سوال نامہ سلیمان شہباز کو دیا تھا لیکن ابھی جواب نہیں دیا جس پر سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ جواب جمع کرا دیا ہے۔احتساب عدالت نے سلیمان شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے پر نمٹا دی۔
عدالت نے ہارون یوسف کی حد تک نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے ہارون یوسف کی 7 فروری تک ضمانت میں توسیع کر دی۔