لاہور٫ویب رپورٹر:(مزمل ملک),ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں رکاوٹ نہ ڈالنے اور بھرپور تیاری سے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن کو مقرر وقت میں انتخابات کرانے کی تجویز دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف اور مریم نواز کی لندن سے وطن واپسی نگران سیٹ اپ کے بعد ہوگی جب کہ نگران سیٹ کے لئے ناموں کی منظوری نواز شریف خود دیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ اجلاس میں پارٹی کے اندر کالی بھیڑوں کو بھی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں شہباز شریف پارٹی کی صورتحال کی رپورٹ نواز شریف کو بھیجیں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں انتخابات ہونے کی صورت میں مریم نواز اور حمزہ شہباز انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، مریم نواز جنوبی پنجاب اور حمزہ شہباز بالائی پنجاب میں جلسے کریں گے۔
واضح رہے کہ ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر آج رات وزیر اعلیٰ پنجاب کی سمری پر دستخط کر دیں گے، جس کے بعد پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔
دوسری طرف لاہورہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل رکوانے کیلئے دائر درخواست پر ناقابل سماعت ہونے کے اعتراض کو برقرار رکھا۔ ہائیکورٹ آفس نے درخواست گزار پر متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض لگایا تھا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مقامی وکیل سلمان خالد کی درخواست پر لگےاعتراض پر سماعت کی۔
ہائیکورٹ آفس نے درخواست کے ساتھ اسمبلی کی تحلیل کی ایڈوائس کی مصدقہ نقل نہ لگانے اور متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض لگایا تھا جسے عدالت نے برقرار رکھا۔درخواستگزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پرویزالہیٰ نے عمران خان کے ایما پر پنجاب اسمبلی کی تحلیل کےلیے سمری پر دستخط کیے مگر تحلیل کی کوئی ٹھوس وجہ یا جواز بھِی نہیں بتایا۔