کراچی،(نمائندہ خصوصی),ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس شام 5 بجے بہادر آباد مرکز میں ہوگا، جس میں سیاسی صورتحال، پارٹی پالیسی سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اراکین رابطہ کمیٹی، سی ای سی اور سی او سی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ضمنی انتخاب میں شکست، اس کی وجوہات اور آئندہ انتخابات پر حکمت عملی تیار کی جائے گی، جبکہ ووٹرز کی ناراضگی، ناراض کارکنان سے رابطوں پر حکمت عملی بھی بنائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی پالیسی، فیصلے، تنظیمی ڈھانچے کی کمزوریوں پر گفتگو ہوگی، پیپلز پارٹی، ن لیگ سے ہوئے معاہدوں پر عمل، وزیر اعظم سے ملاقات پر اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا، وزیراعظم کی یقین دہانیوں سے متعلق بھی اجلاس میں گفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم مردم شماری، حلقہ بندیوں، پیپلز پارٹی، وفاق کی اس معاملے پر سست روی پر بھی غور کرے گی۔
ذرائع کے مطابق متحدہ کے اجلاس میں بلدیاتی ایکٹ کی سمری، مضبوط بلدیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔