اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حکومت مخالف مارچ روکنے کے لیے شرط رکھ دی۔عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مخالف مارچ اکتوبر میں ہی ہوگا۔حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردے تو مارچ نہیں ہوگا۔سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ میں جو پلان کر رہا ہوں اس کی منصوبہ بندی ابھی صرف مجھ تک ہی محدود ہے کیونکہ میری ہر چیز ریکارڈ ہو رہی ہے۔
قبل ازیں عمران خان نے انٹرویو میں کہا کہ ضمنی الیکشن کے بعد 100 فیصد لانگ مارچ ہو گا، لانگ مارچ ہوگا اور اکتوبر میں ہی ہوگا، مجھے پتہ ہے یہ لوگ کیا کریں گے اس لیے میں نے پوری تیاری کررکھی ہے، اب ہم وہ پلاننگ کررہے ہیں کہ یہ ہمیں نہیں روک سکتے۔
چئیرمین تحریک انصاف نے حکومت کو پیش کش کی کہ اگر الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے تو پھر لانگ مارچ رک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ملک واپسی سے ہمیں فائدہ ہو گا، ان کا مقصد صرف کرپشن کیسز ختم کروانا اور مجھے نااہل کروانا ہے، یہ مجھے نااہل کروا کر پھر الیکشن کا اعلان کریں گے اور میں جلد سے جلد انتخابات چاہتا ہوں کیوںکہ الیکشن سے سیاسی استحکام آئے گا، ابھی بھی وقت ہے ہم ملک کو بچا سکتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کی وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ یہ لوگ ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے جارہے ہیں اور خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرجائے تو اس کے بعد ہمیں اس سے جو بھی نکالے گا وہ ہم سے بھاری قیمت مانگے گا۔