![](http://urdu.dailythedestination.com/wp-content/uploads/2022/10/download-23.jpeg)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ میں وفاقی حکومت سے سوال پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کا صرف یہی کام رہ گیا ہے کہ عمران خان پر کیسز بناؤ، اس پر جھوٹے کیسز بناؤ، ایف آئی آر کرواؤ۔ ہمارے لوگوں کو جیلوں میں ڈالو، میڈیا پر پابندیاں لگاؤ۔
جمعرات کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ ’شہباز گل کو جس طرح پکڑ کر حکومت نے ان پر تشدد کیا اور اب اعظم سواتی، انہیں رات کو پکڑ کر لے کر گئے اور ان پر تشدد کیا۔‘
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ’اعظم سواتی کو ننگا کر کے ان پر تشدد کیا گیا، شہباز گل کو بھی ننگا کیا گیا تھا۔ شرم آنی چاہیے تمہیں (حکومت کو) کیا یہ تمہارا کام ہے؟ تمہارا کام ہے امن۔ لا اینڈ آرڈر آپ کی ذمہ داری ہے جبکہ اس کا یہ حال ہے کہ سارے ملک میں چوریاں اور ڈکیتیاں ہو رہی ہیں۔ سٹریٹ کرائم ہو رہے ہیں۔‘
انہوں نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے حوالے سے مزید کہا کہ ’جو اعظم سواتی کے ساتھ کیا اور اس سے پہلے حراستی تحویل میں جو شہباز گل کے ساتھ کیا اور پھر صحافیوں پے۔ میں سارے اداروں کو آج کہتا ہوں کہ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ تشدد کر کے آپ اپنی عزت کروا لیں گے تو غلط فہمی میں نہ رہیں۔ آج تک دنیا میں کسی ظالم کو عزت نہیں ملی لوگ نفرت کرتے ہیں۔‘