پاکستانتازہ ترین

عمران خان کو جیل میں سہولیات کی فراہمی و ملاقاتوں سے متعلق درخواست نمٹادی گئی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں سہولیات کی فراہمی اور ملاقاتوں سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی درخواست نمٹانے کا تحریری آرڈر جاری کر دیا۔

عدالتی حکمنامے میں کہا گیا کہ جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کو عدالتی آرڈرز اور جیل رولز کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دستخط سے تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کردی گئی ہے۔

تحریری آرڈر میں کہا گیا کہ جیل حکام کی رپورٹ کے مطابق جیل میں عمران خان اور دیگر قیدیوں کی جیل ملاقاتوں سے پابندی ہٹا لی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشت گرد حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔

عدالت نے کہا کہ جیل حکام کے مطابق پٹیشنر کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی گئی ہے، جیل حکام نے بتایا ہے کہ عمران خان نے عدالتی آرڈر کی روشنی میں کوآرڈینیٹر بھی مقرر کر رکھا ہے۔

عدالتی حکم میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے خواہش مند افراد مقرر کردہ کوآرڈینیٹر سے رابطہ کر سکتے ہیں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل رولز کے مطابق جیل میں تمام سہولتیں میسر ہیں۔

عدالت کے حکم نامے کے مطابق پٹیشنر کے وکلاء ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے بیان سے مطمئن ہیں، پٹیشنر کے وکلاء کی تسلی کے باعث بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں کی فراہمی کی پٹیشن نمٹائی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button