ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی اسمبلی ممکنہ طور پر 9 اگست کو تحلیل کردی جائے گی۔
ارکان پارلیمنٹ کیلئے وزیراعظم کی جانب سے پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، مولانا اسعد محمود، رانا تنویر، عبد القادر پٹیل، سینیٹر طلحہ محمود، قمرزمان کائرہ، سینیٹر صابر شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق عشائیے سے قبل شہباز شریف نے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں نگراں سیٹ اپ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور نگراں سیٹ اپ سے متعلق مشاورت کی گئی۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم کے تقرر کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں اور حکومت دونوں ہی سرگرم ہیں۔ جہاں اپوزیشن میں مشاورت کا دور جاری ہے وہیں حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں میں بھی آج مشاورت کا امکان ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور نواز شریف سے رابطہ کیا ہے، تینوں رہنماؤں نے نگراں وزیراعظم کے تقرر سے متعلق ناموں پر مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق تینوں نے آئین و قانون کے مطابق نگراں وزیراعظم کے تقرر کا عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ اور نوازشریف اور آصف زرداری نے تمام نام آج اتحادیوں کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔