اسلام آباد۔ :پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے
، سکیورٹی کے بغیر معیشت اور معیشت کے بغیر سکیورٹی نا گزیر ہے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیا جائے گا۔عسکری ذرائع کے مطابق وہ خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم کی افتتاحی تقریب کے موقع پرشرکاءِ تقریب سے اہم گفتگو کررہے تھے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کو اپنی قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے،فوج عوام سے ہے اور عوام فوج سے ہے، پاکستانی غیرت مند ، غیور اور باصلاحیت قوم ہے۔تمام پاکستانیوں نے بھکاری کا کشکول باہر اُٹھاکر پھینکنا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا ان شااللہ ،ہم اس ماڈل فارم کی طرز کے جدید فارم بنائیں گے جس سے چھوٹے کسان کو فائدہ ہوگا اور گرین انیشیٹووکا یہ دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔انہوں نےکہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے ،
عوام اور ریاست کا رشتہ محبت اور احترام کا ہے ۔ آرمی چیف نے شرکاءِ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ اقبال کا شعر پڑھ کر ملک و ملت کے ہر فرد کی ملکی ترقی میں اہمیت پر زور دیا۔آرمی چیف نے علامہ اقبال کا شعر پڑھا کہ :
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ