نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے جیل ریفارمز کمیٹی کی ملاقات
ملاقات میں نگراں وزیرِ اعلیٰ سے جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولتیں دینے کے لئے تجاویز پر بات چیت ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جیلوں سے متعلق قابلِ عمل تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔
جیل ریفارمز کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جیل میں قیدیوں کے کھانے کا بجٹ بڑھا دیا گیا ہے اور اہلِ خانہ سے فون پر گفتگو کا دورانیہ ماہانہ 300 منٹ کر دیا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ جیل ہسپتالوں کا انتظام محکمۂ صحت کے سپرد کیا جا رہا ہے، جیل میں قیدیوں کیلئے بیکری اور یوٹیلیٹی سٹور بنائے جا رہے ہیں، جیل سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر پنجاب بار کونسل کے وفد نے قیدیوں کو فری لیگل ایڈ مہیا کرنے کی پیش کش کی ہے، چیئرمین کمیٹی عمران اکرم نے نگراں وزیرِ اعلیٰ کو جیل اصلاحات سے متعلق سفارشات پیش کیں۔