اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں ایک بد بخت کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعہ پر آج بعد نماز جمعہ تمام پاکستانی پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ قرآن مجید کی حرمت کے معاملہ پر پوری قوم ایک ہے
۔ سانحہ سویڈن پرپوری امت مسلمہ مضطرب ہے۔ ایک بد بخت کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے کے لئے یوم تقدیس قرآن کے عنوان سے آج ہم سب سے یک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کریں گے اور بعد از نماز جمعہ پاکستانی قوم مسلمانوں کے تمام طبقات ناموس قرآن کا پرچم اٹھا کر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قرآن ہمارے قلب میں ہے ۔ قرآن ہمارے لئے صرف قرات نہیں بلکہ جینے کا قرینہ ہے۔