اسلام آباد۔ :وفاقی وزیرمیاں جاویدلطیف نے کہاہے کہ سانحہ 9 مئی کے ذمہ داران کو سزائیں نہ دی گئیں تو خدانخواستہ کوئی بڑا سانحہ رونما ہوسکتا ہے، کوئی بھی ریاست سے بالاترنہیں ۔جمعرات کوقومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چئیرمین سینیٹ کیلئے مراعات کا جو بل پیش کیا گیا وہ موجودہ حالات میں مناسب نہیں تھا، اگر اچھا وقت آئے توضرور بات کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمان اوراداروں کے پیچھے عوام کھڑے ہوتے ہیں، اگر 9 مئی کے ذمہ داران کو سزائیں نہ دیگئیں تو خدانخواستہ کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے، انہوں نے کہاکہ جو لوگ پریس کانفرنس کررہے ہیں وہ بچ جاتے ہیں جبکہ ان نوجوان ورکرز کیلئے مشکلات ہیں جن کی ذہن سازی کرکے انہیں ورغلایا گیاتھا۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان میں جو شخص لانچ کیاگیاتھا اورجوڈھانچہ کھڑا کیاگیاتھا وہ منہ کے بل گراہے۔9 مئی یوم سیاہ نہیں بلکہ ان لوگوں کیلئے سیاہ کاری ہے جنہوں نے ایک شخص کولانچ کیا اورپوری قوم اب بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کل کے نوٹیفیکیشن سے غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ہواہے۔انہوں نے کہاکہ ایک متنازعہ تقریر پرعلی وزیرکو26ماہ گرفتاررکھا جاتاہے مگر ایک شخص جس نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجادی اسے 26 گھنٹے تک گرفتار نہیں رہنے دیا جارہا، کیا کوئی ریاست سے بالاترہوسکتا ہے۔سپیکر کورولنگ دینا چاہیے کہ پاکستان ہمیں جان سے عزیز ہے، ڈیڑھ ماہ ہوچکے ہیں اورملک کی اینٹ سے بجانے والے کوابھی تک کوئی سزانہیں دی گئی۔