اسلام آباد۔ :سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمان ملک کی سب سے بڑی دانش گاہ ہے اور سمر انٹرن شپ پروگرام میں طالب علموں کو قانون سازی کے طریقہ کار سیکھنے کا موقع ملے گا،پارلیمان کی عزت وتکریم ہم سب پر فرض ہے اور پارلیمان کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،جمہوری نظام ایک بہترین طرز حکمرانی ہے جس میں ہر عوامی نمائندے کو حلقے کے لاکھوں ووٹرز کی حمایت حاصل ہوتی ہے ۔ انخیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں سمر انٹرن شپ پروگرام کے انٹرنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمان اور نوجوان نسل کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان ایک ایسی جگہ ہے جہاں سیاسی رہنما اتفاق رائے کے ساتھ قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے دن رات محنت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے آخری سانس تک آمریت کے خلاف جدوجہد کی ۔ انہوں نے بھٹو خاندان کی ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے لازوال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام شہید ذولفقار علی بھٹو نے عام عوام کو ووٹ کا حق دیا۔سپیکر نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے کی آڑ میں کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے ملک کے دفاع کیلئے جو قربانیاں دیں ان کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور انکی عزت و تکریم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔قومی اسمبلی کے سیکرٹری طاہر حسین نے سمر انٹرن شپ پروگرام کے انٹرنز کو قومی اسمبلی میں خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے کہا پارلیمان ہم سب کا گھر ہے اور نوجوان انٹرنز کو اس باوقار ادارے میں کام کرنے کا موقع فراہم کرنا خوش آئند ہے ۔قومی اسمبلی کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے خصوص اقدامات سید شمعون ہاشمی نے سمر انٹرن شپ پروگرام کے مختلف خدوخال کا خاکہ پیش کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ نوجوان طالب علموں کو ایک ماہ تک پارلیمان میں رہتے ہوئے مختلف شعبوں سے قانون سازی کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کرنے کا موقع مل سکے گا ۔ انٹرن شپ پروگرام کے آغاز کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ویمن پارلیمنٹری کاکس کی سیکرٹری شاہدہ رحمانی ، ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کی کنوینئر رومینہ خورشید عالم نے نوجوان انٹرنز کے ہمراہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔