فیصل آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اپنے ملک کو جلانا کسی طرح بھی سیاسی اختلاف نہیں، جلانے والے جلاتے اور ہم بنانے والے بناتے رہیں گے۔9 مئی کو بلوائیوں کے سرکش ٹولے نے جناح ہاؤس کو آگ لگائی اوردنیا بھر میں محب وطن پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکادیئے۔
گزشتہ روز ساہیانوالہ انٹر چینج فیصل آباد کے قریب 500/132کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں خرم دستگیرنے کہا کہ جنہوں نے2018 سے 2022 تک ملک کا ستیاناس کرکے اسے ڈیفالٹ کی حد تک پہنچایا اور آئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ کر مہنگائی کا طوفان برپا کیا انہیں دوبارہ سیاست میں آنے اورقوم کی قسمت سے کھیلنے کا موقع نہیں دیا جا ئے گا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک ملکی تقدیر بدلنے سمیت خطہ میں گیم چینجر ثابت ہوگا جس میں چینی سرمایہ کار بھاری سرمایہ کاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 2013سے2018 تک ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا، موٹر ویز، سڑکیں، ایکسپریس ویز، یونیورسٹیاں، ہسپتال بنائے اور آئندہ بھی اسی برق رفتاری سے عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گرڈ سٹیشن اور بجلی کے دیگر منصوبوں کیلئے میٹریل کی درآمد میں زرمبادلہ سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کرایا جائے گا۔انہوں نے ایم ڈی این ٹی ڈی سی کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے۔