امریکی انتخابات: زیادہ ووٹ کے باوجود شکست کیسے؟ جانیں تفصیل
واشنگٹن: کیا امریکا میں زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے باوجود صدارتی انتخابات میں شکست ہوسکتی ہے؟
پھر امریکا کا الیکٹرول کالج سسٹم کس طرح کام کرتا ہے؟ امریکا کے الیکٹورل کالج سسٹم کا جائزہ لیا جائے تو بیلٹ پیپرز پر صدر یا نائب کے نام ہوتے ہیں، درحقیقت ووٹرز گروپ یا الیکٹرز کو ووٹ دیتے ہیں۔
عام ووٹنگ کے بعد الیکٹورل کالج کے 538 ارکان جیتنے والے کا تعین کرتے ہیں ، اکثر ریاستوں کی ری پبلکن یا ڈیموکریٹ جماعت کے ساتھ وابستگی واضح ہوتی ہے۔
لہٰذا امیدواروں کی کوشش ہوتی ہے کہ ’سوئنگ‘ ریاستوں، یعنی وہ ریاستیں جہاں ووٹرز کسی بھی جماعت کے حق میں ووٹ ڈال سکتے ہیں، ان پر توجہ مرکوز کی جائے، الیکٹرز یعنی صدر کو منتخب کرنے والے سیاستدان مقامی سطح پر پارٹی عہدیدار یا سربراہ ہوتے ہیں، سیاسی جماعت کے وفادار الیکٹرز عوامی ووٹوں سے جیتنے والے امیدواروں کی حمایت کے پابند ہوتے ہیں۔
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ جب سال 2016 میں اپنی سیاسی حریف ہیلری کلنٹن کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تو انہوں نے اس کو ایک ’خوبصورت‘ فتح قرار دیا تھا۔
2016 کے انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار ہیلری کلنٹن کو اپنے حریف کے مقابلے میں ملک بھر سے 30 لاکھ سے زائد ووٹ پڑے تھے لیکن پھر بھی الیکٹورل کالج کے باعث فاتح ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار دیا گیا تھا۔
یہ غیرامریکیوں کیلئے کافی حیرت انگیز تھا کہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے شخص کو صدر منتخب کیا جائے لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے وہی کیا تھا جو امریکی نظام کے تحت ضروری تھا۔
وائٹ ہاؤس کو فتح کرنے کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ ریاستوں میں ووٹ جیتے جائیں تاکہ 270 الیکٹرز کے ووٹس حاصل کرنے کی شرط کو پورا کیا جا سکے۔
قومی سطح پر کُل 538 الیکٹورل ووٹس یا الیکٹرز ہوتے ہیں جب کہ امیدوار کو جیتنے کے لیے 270 ووٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
الیکشن والے دن جب امریکی ووٹر اپنے صدر کا انتخاب کرنے کے لیے پولنگ ا سٹیشن ووٹ ڈالنے جاتا ہے تو اس کے سامنے بیلٹ پیپر پر صرف صدر اور نائب صدر کے نام ہوتے ہیں، لیکن حقیقت میں وہ ایک گروپ یا الیکٹرز کو ووٹ ڈال رہا ہوتا ہے۔
ملک بھر میں عام ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد الیکٹورل کالج کے 538 ارکان اپنی متعلقہ ریاستوں کے دارالحکومت میں اکٹھے ہوتے ہیں اور جیتنے والے کا تعین کرتے ہیں، امریکا کے آئین کے تحت دیا گیا الیکشن کا نظام دراصل ملک کے بانیوں کے درمیان سمجھوتے کا نتیجہ ہے۔
بانیوں کے سامنے سب سے اہم سوال یہ تھا کہ صدر کے انتخاب کا اختیار کانگریس کے پاس ہو یا عوامی رائے سے ہونا چاہیے، گزشتہ کئی سالوں میں الیکٹورل کالج کو ختم کرنے کی غرض سے متعدد ترامیم کانگریس میں پیش کی جا چکی ہیں لیکن کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔
الیکٹرز یعنی صدر کو منتخب کرنے والے سیاستدان مقامی سطح پر پارٹی عہدیدار ہوتے ہیں یا پھر پارٹی سربراہان ہوتے ہیں لیکن ان کے نام بیلٹ پیپر پر درج نہیں ہوتے۔
الیکٹرز ویسے تو اپنی سیاسی جماعت کے ہی وفادار ہوتے ہیں لیکن وہ اپنے اس عہد کے پابند ہوتے ہیں کہ ان کی ریاست میں عوامی ووٹوں سے جیتنے والے امیدوار کی ہی حمایت کی جائے، ہر ریاست کے اتنے ہی الیکٹرز ہوتے ہیں جتنے کانگریس میں اس کے نمائندوں اور سینیٹرز کی تعداد ہے۔
کانگریس کے ایوان نمائندگان یعنی ہاؤس میں کسی بھی ریاست سے ارکان کی تعداد وہاں کی آبادی پر منحصر ہوتی ہے جب کہ سینیٹ میں ہر ریاست کی نمائندگی 2 ارکان کرتے ہیں، ہر ریاست کے اتنے ہی الیکٹرز ہوتے ہیں جتنے کانگریس میں اس کے نمائندوں اور سینیٹرز کی تعداد ہے۔
الیکٹورل کالج میں ہر الیکٹر ایک ووٹ کی نمائندگی کرتا ہے، الیکٹورل کالج میں سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کیلیفورنیا سے 54 الیکٹر نمائندگی کرتے ہیں جبکہ ٹیکساس سے 40 ہیں۔کم آبادی والی ریاستیں الاسکا، ڈیلاویئر، ورمونٹ اور وائیومنگ سے صرف تین تین ارکان کو الیکٹورل کالج کے لیے نامزد کیا جاتا ہے، اگرچہ دارالحکومت واشنگٹن کی کانگریس میں نمائندگی نہیں ہے لیکن پھر بھی تین الیکٹرز واشنگٹن سے منتخب کیے جاتے ہیں۔
دو ریاستوں نیبراسکا اور میئن کے علاوہ ہر ریاست میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کو اس ریاست کے تمام الیکٹرز الاٹ کر دیے جاتے ہیں، یعنی کسی بھی ریاست میں بڑے مارجن سے جیتنا الیکٹورل کالج کے ایک ووٹ کے مترادف ہے۔
نومبر 2016کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 304الیکٹورل ووٹس حاصل کیے تھے جب کہ انہیں صرف 270درکار تھے۔سال 2020 کے انتخابات میں صدر بائیڈن 306 الیکٹورل ووٹس سے جیتے تھے جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو 232 الیکٹورل ووٹس پڑے تھے۔
ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 17دسمبر کو مختلف ریاستوں سے وابستہ الیکٹرز اپنے ریاستی دارالحکومت میں اکٹھے ہوں گے اور صدر اور نائب صدر کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
امریکی قانون کے مطابق الیکٹرز دسمبر کے دوسرے بدھ کے بعد پہلے منگل کو ملتے ہیں جس کے مطابق رواں سال 17 دسمبر کی تاریخ کو الیکٹرز اکٹھے ہوں گے۔
ویسے تو الیکٹرز کا اکٹھا ہونا محض ایک رسمی تقریب سمجھی جاتی ہے جب وہ عوامی رائے کے ذریعے متعلقہ ریاستوں سے جیتنے والے امیدوار کے نام کے آگے اپنی مہر لگاتے ہیں۔