پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دو مہینے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود ابھی تک اپوزیشن لیڈر کا نوٹفیکیشن نہیں ہو سکا۔
اس کے لیے پنجاب اسمبلی کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کے اپوزیشن لیڈر بننے کی درخواست بھی سپیکر کو دے رکھی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ نہ حکومت کو ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی ضرورت ہے اور نہ ہی حمزہ شہباز اس اہم عہدے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
یہی نہیں بلکہ وہ 22 جولائی کے وزیراعلٰی کے انتخاب کے بعد پنجاب اسمبلی میں آئے ہی نہیں ہیں۔ وہ کئی ہفتے لندن میں بھی رہے اور واپس آکر انہوں نے ابھی تک کسی قسم کی سیاسی سرگرمی شروع نہیں کی ہے۔