مقبوضہ بیت المقدس: قابض اسرائیلی فورسز نے فلسطینی علاقے رام اﷲ پر دھاوا بول دیا۔آنسو گیس کی شیلنگ کی۔جس سے کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دہشتگرد اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اﷲ میں فلسطینی قیدی کا گھر اڑا دیا۔ صبح سویرے اسرائیلی فورسز بکتر بند گاڑیوں میں علاقے میں داخل ہوئے۔
گھروں میں گھسنے کی کوشش کی ،زہریلی گیس کے بم فائر کیے،شیلنگ کی۔فلسطینی نوجوان سڑکوں پرنکل آئے، جوابی کارروائی میں فلسطینی نوجوانوں نے پتھراؤ کیا، کچرے اور ٹائروں کو آگ لگا کر سٹرکیں بند کردیں۔زخمی فلسطینیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ رواں سال اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ایک سواٹھاون فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
فلسطینی ایوان صدر کے مشیر برائے القدس امور احمد الرویدی نے بیان میں کہا کہ اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس میں ہر ماہ 30 سے 40 مکانات اور سہولیات کی مسماری کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔مقبوضہ بیت المقدس میں تقریباً22000 فلسطینی گھروں کو مسمار کرنے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کے پیچھے اسرائیلی منصوبے کا مقصد القدس میں فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے کی پالیسی کو تقویت دینا، ان کی تعداد کو فی الحال 42فیصد سے کم کر کے 20فیصد کرنا اور شہر میں آبادی کی ساخت کو تبدیل کرنا ہے۔فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل کی مسماری کی پالیسی فی الحال یروشلم کے مشرق میں پرانے شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں پرمرکوز ہے ۔